اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سینئر صحافی مظہر اقبال کے سڑک حادثہ میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مظہر اقبال نے آزادی صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کیا، وہ صحافت کے معیار اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کرنے والے صحافیوں کے طور پر جانے جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مظہر اقبال کے انتقال سے شعبہ صحافت میں پیدا ہونے والا خلا تادیر پُر نہیں ہو سکے گا۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
 
                     
		 
				 
				 
				 
				 
				