عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ کی سینئر اینکر فریحہ ادریس کے گھر آمد، والدہ کے انتقال پر تعزیت کی

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ بدھ کو سینئر اینکر فریحہ ادریس کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے اور اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ والدہ کا انتقال فریحہ ادریس کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، مرحومہ کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پُر نہیں ہو سکے گا، سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔