اسد عمر

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس

اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کو بدھ کے روز بتایا گیا کہ COVID-19 کی دوسری لہر میں مثبت کیسسز کے تناسب کی شرح اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافہ ہورہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاو اور زیادہ خطرہ والے علاقوں میں حفاظتی اور صحت کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کیلئے وبائی چارٹ کے اعداد و شمار اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاوے خطرے کو کم کرنے کے لئے تجویز کردہ اقدامات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔فورم کو بتایا گیا کہ بازاروں میں رش ، شادی ہالز اور غیر ضروری عوامی اجتماعات کے دوران بغیر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر عمل پیرا نہ ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس کا پھیلاو زیادہ ہو رہا ہے۔

فورم کو مزید بتایا گیا جن علاقوں میں کورونا وائرس زیادہ ہے وہاں اس کے مزید پھیلاو کو روکنے کیلئے مائکرو لاک ڈاﺅنز اور سمارٹ لاک ڈاﺅنز کے ذریعے اس پھیلاو کو روکا جائے۔

صوبائی چیف سکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے فورم کو کوویڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اموات پر قابو پانے کے لئے وضع کردہ حکمت عملی اور اقدامات سے آگاہ کیا۔