احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال کا محترمہ عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے معروف ماہرِ تعلیم، محققہ اور دانشور عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ عارفہ سیدہ زہرہ ایک باوقار پاکستانی دانشور، ماہرِ تعلیم، انسانی حقوق کی علمبردار اور جرات مندانہ آواز تھیں جنہوں نے علم و دانش، تحقیق اور سماجی انصاف کے فروغ میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی کمزور صحت کے باوجود ان کی دعوت پر کراچی میں منعقدہ اڑان پاکستان کری ایٹو اکانومی کانفرنس میں شرکت کر کے علم و فن سے اپنی وابستگی کا عملی ثبوت دیا۔ انہیں رواں سال تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا جو ان کی تعلیمی خدمات، اخلاقی قیادت اور سماجی انصاف کے فروغ کا اعتراف ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیدہ عارفہ زہرہ کی وفات سے پاکستان ایک بڑی علمی و اخلاقی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے۔