محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شمالی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےشمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے ایک ایک خوارجی دہشتگرد کا مکمل صفایا کریں گے۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے بڑی کامیابی حاصل کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ انڈین حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں،قوم خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام واضح پیغام ہے کہ پاکستان میں خوارجیوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،پاکستان کی سرزمین سے ایک ایک خوارجی دہشتگرد کا مکمل صفایا کریں گے۔