شاہد خاقان عباسی

وفاقی وزرا کی نالائقی پورے ملک پر عیاں ہے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان کہا ہے کہ وفاقی وزرا کی نالائقی پورے ملک پر عیاں ہے،مسلم لیگ ن نے چوبیس ہزار میگا واٹ بجلی عوام تک پہنچائی اگر آپ نے کوئی کھمبا لگایا ہے تو وہ ہمیں بتائیں ہم بھی خوش ہو جائیں۔

ایل این جی کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی احتساب عدالت میں پیشی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی ٹرمینل میں کرپشن کا نہیں بلکہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ ہم نے درخواست کی تھی کہ عدالت میں ان کیمرہ سماعت کی جائے تا کہ عوام کو معلوم ہو کہ عوامی نمائندوں پر اربوں روپے کے الزامات لگائے جاتے ہیں ان میں کیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے حکومتی وزرا پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان وزرا کی نالائقی پورے ملک پر عیاں ہے۔ ان کے پاس حقائق کا جواب نہیں ہے۔ میری اور مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس کے بعد دو وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس کی۔ مگر وہ یہ بتانے میں ناکام رہے کہ سرکلر ڈپٹ دو اعشاریہ تین کھرب تک پہنچ چکا ہے۔ نام لئے بغیر وفاقی وزرا پر طنز کرتے ہوئے سابق وزیر شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر صاحب پچھلے دو سال سے کہہ رہے ہیں کہ پی ایم ایل این نے جو معاہدے کیے وہ بہت مہنگے کیے۔ دوسرے نے کہا کہ بجلی تو تھی لیکن کھمبے نہیں تھے۔میں ان کو کہوں گا کہ چوبیس ہزار میگا واٹ بجلی عوام تک پہنچی۔ اگر انہوں نے کوئی کھمبا لگایا ہے تو وہ ہمیں بتائیں ہم بھی خوش ہو جائیں۔ یہ وزرا بھی شیخ رشید کی طرح نیب کو درخواست بھیجیں۔ ایک وفاقی وزیر کا ڈھائی سو میگا واٹ کا پلانٹ ہے جو ڈیزل پر چلتا رہا۔ جب وہ پلانٹ ایل این جی پر آیا تو اس سے کتنا فرق پڑا، اسکی قیمت میں کمی واقع ہوئی۔