اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزرا نےسندھ بلدیاتی ترمیمی بل پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ بلدیاتی بل کو کالا قانون قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر و صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی سے وفاقی وزرا میاں محمد سومرو اور امین الحق نے ملاقات کی۔ وزرا نے سندھ بلدیاتی ترمیمی بل پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
علی زیدی نے کہا کہ سندھ بلدیاتی بل کے ذریعے پیپلز پارٹی اداروں پر قابض ہونا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے بلدیاتی نہیں بلکہ بد دیانتی کا بل پیش کیا، پیپلز پارٹی کے کالے قانون کے خلاف سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی، پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تحریک انصاف اتحادیوں کے ساتھ میدان میں ہے، صوبے کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا کڑا احتساب ہوگا۔