رانا تنویر حسین

وفاقی حکومت کا رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمت پرفراہم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہوگی،چینی کی تقسیم کیلئے مائیکرو پلان رواں ہفتے سامنے لایا جائے گا۔

وفاقی وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں چینی کی تقسیم کیلئے مائیکرو پلان رواں ہفتے سامنے لایا جائے گا۔اجلاس میں پی ایس ایم اے نے عوامی استعمال کیلئے کم از کم قیمت پر چینی فروخت کا عزم کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان میں ہر ضلع میں چینی رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہوگی، رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے جو 27رمضان تک جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ چینی کے سٹالز پر وافر مقدار میں چینی دستیاب ہوگی، ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، رعایتی قیمتوں پر چینی کی قیمت کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان عبادت کا مہینہ ہے، اس دوران غریب طبقے کو کم قیمت پر چینی فراہم کی جائے گی۔