اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی اتحادی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کےبدھ کو ہونیوالے لانگ مارچ کو خونی مارچ قرار دیتے ہوئے اس کی اجازت نہ دینے اور اسکو ہر صورت روکنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزرءا اور اتحادی جماعتوں کے رہنماﺅں کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد مارچ کیا جارہا ہے، یہ کوئی جمہوری نہیں بلکہ قوم کو تقسیم کرنے، ملک میں افراتفری اور انتشار کو فروغ دینے کیلئے مارچ کیا جارہا ہے،جس قسم کی یہ گفتگو کرتے رہے ہیں کہ یہ خونی لانگ مارچ ہوگا، ہم وہاں آکر فتنہ فساد پھیلائیں گے، جیسی تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں نے اپنی جگہ پر محدود رہنے سے متعلق بیانِ حلفی دینے سے انکار کیا جس سے ان کے ارادے واضح ہیں، یہ لوگ خیبرپختونخوا کے تمام وسائل استعمال کر کے اور صوبائی فورسز کو ساتھ لیکر وفاق پر حملہ آور ہونے آرہے ہیں، کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ دارلحکومت کا محاصرہ کرے اور ڈکٹیٹ کرے۔
منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزرءا اور اتحادی جماعتوں کے رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 25مئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد مارچ کیا جارہا ہے، یہ کوئی جمہوری مارچ نہیں بلکہ قوم کو تقسیم کرنے، ملک میں افراتفری اور انتشار کو فروغ دینے کے لیے کیا جارہا ہے، جس قسم کی یہ گفتگو کرتے رہے ہیں کہ یہ خونی لانگ مارچ ہوگا، ہم وہاں آکر فتنہ فساد پھیلائیں گے، جیسی تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں، یہ بھی کہا گیا کہ اس لانگ مارچ کے نتیجے میں ہم حکومت کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 2014میں بھی انہوں نے کہا کہ ہم پر امن احتجاج کے لیے آرہے ہیں اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے معاہدہ کیا کہ ایک جگہ پر محدود رہیں گے لیکن وہاں رکنے کے بجائے ریڈ زون میں داخل ہوئے، وزیراعظم ہاس کا گھیراﺅکیا، سول نافرمانی پر لوگوں کو اکسایا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان تمام چیزوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے انہیں لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں روکا جائے گا تا کہ یہ قوم کو تقسیم کرنے، گمراہی کا ایجنڈا آگے نہ بڑھا سکیں، پی ٹی آئی نے اس سے پہلے بھی وعدہ خلافی کی تھی اور اب بھی یہ گالیوں سے گولیوں پر آگئے ہیں جس کے باعث لاہور میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شہید ہوگیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ویسے بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن اب سب ساری قیادت پشاور میں اکٹھی ہوگئی ہے کوئی اپنے گھروں میں موجود نہیں ہے اور وہاں سے یہ ایک وفاقی اکائی یعنی صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام وسائل استعمال کر کے اور صوبائی فورسز کو ساتھ لے کر وفاق پر حملہ آور ہونے آرہے ہیں، وہاں سے یہ ایک بڑے جتھے کی صورت میں کل آنا چاہتے ہیں، ایسا جتھا جس کی کوئی قانونی، آئینی حیثیت نہ ہو اور سرکاری وسائل کو استعمال کرتے ہوئے وفاق پر حملہ آور ہونے آرہا ہو، اسی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ میں خبردار کرتا ہوں ان تمام لوگوں کو جو عمرانی فتنے کا شکار ہوچکے ہیں، وہ اس گمراہی سے باہر نکلیں، یہ ایک قومی مسئلہ ہے، ملک کی بقا کا مسئلہ ہے، یہ صرف اتحادی حکومت، ایک سیاسی جماعت یا ایک طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے اور اس میں تمام اداروں، سیاسی جماعتوں، میڈیا کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے اور اس فتنے فساد کو روکنا چاہیے، اسے اسی مرحلے پر روک دیا جائے گا تو بہت بڑی خدمت ہوگی۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوری احتجاج، آزادی اظہارِ رائے، پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن یہ پر امن احتجاج نہیں کرنے آرہے، اس سے پہلے بھی جب یہ آئے تو پر امن احتجاج کا نام لے کر آئے تھے لیکن اس کے بعد جو ہوا وہ آپ کے سامنے ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر یہ اسے کو خونی احتجاج کا نام نہ دیتے، لوگوں سے فتنہ فساد اور انارکی پھیلانے کی بات نہ کرتے تو ہم بالکل راستے میں حائل نہ ہوتے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں بہت حیرانی ہوئی کہ آج جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں کہا کہ اگر آپ اپنی جگہ پر محدود رہنے اور اس قسم کے کسی واقعے کو نہ دہرانے کی بات کرتے ہیں تو ہم آپ کے لیے کوئی آرڈر جاری کرسکتے ہیں، لیکن انہوں نے اس بات سے انکار کیا اور بیانِ حلفی دینے سے انکار کیا جس سے ان کے ارادے واضح ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ آکر ریاست کے دارلحکومت کا محاصرہ کریں اور ڈکٹیٹ کرے، اسلام آباد کے شہریوں، تاجروں کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے جسے ہر صورت نبھایا جائے گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور کشمیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ صدر مملکت وفاق کی علامت ہوتا ہے پارلیمان کا حصہ ہوتا ہے ان کا تسلسل کے ساتھ رویہ انتہائی غیر آئینی اس کی مذمت کرتے ہیں، آج پاکستان میں جو تاثر پایا جارہا ہے کہ ایک غیر یقینی کی کیفیت ہے یہ ساری کی ساری صدر کی پیدا کردہ ہے وہ صدر نہیں بلکہ موجودہ حکومت کے اپوزیشن لیڈر کے طور پر کھڑے ہوگئے ہیں ہم اس کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج حکومت پنجاب کی تعطل کی وجہ بھی صدر ہیں جو آج بھی عمران خان کے جیالے کے طور پر کام کررہے ہیں، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ بولنا اور اسے کچھ عرصے چلا کر ایک نیا جھوٹ بولنا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں ان کے ساتھیوں سے کہوں گا ذرا ٹھنڈے دل سے غور کریں کہ کوئی ایک وعدہ جو عمران خان نے پورا کیا ہو تو اس کی بات میں کوئی وزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں لا سازش کے ثبوت وزیر داخلہ، یا آئی جی پنجاب، یا آئی جی کے پی یا سپریم کورٹ کو دے دو صرف جھوٹ کے سہارے چلتے جارہے ہو۔قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ہم سب اس حکومت کا حصہ ہیں، یہ کسی ایک جماعت کی نہیں ہے اور ہم اس کے نفع و نقصان دونوں کے ذمہ دار ہیں اس لیے جو بھی فیصلے ہوئے ہیں وہ متفقہ فیصلے ہیں جو پاکستان کو انارکی سے بچا لیں گے
۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما و وفاقی وزیر مفتی اسد محمود نے کہا کہ میں رانا ثنا اللہ کی گفتگو کی تائید کرتا ہوں، 2014میں بھی دھرنے کا مقصد پاکستان کی سیاست اور معیشت کو تباہ کرنا تھا اور پونے 4سالہ دورِ حکومت پر اصلاحات کے نام پر جو قانون سازی ہوئی اس سے ملک اخلاقی اور معاشی پستی کی جانب گیا، عمران خان نے اپنی گمراہی کے ذریعے قوم میں انتشار پھیلانے فساد پھیلانے کی کوشش کی چنانچہ ہم نے ضرورت محسوس کی کہ اگر ہم مل کر اس بحران کا مقابلہ نہیں کریں گے، پاکستانی عوام کی مشکلات کا مداوا نہیں کریں گے تو شاید ہم بھی مجرم ثابت ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کہ جب وزیر خارجہ، پاکستانی حکومت عالمی دنیا کو متوجہ کررہے ہیں، وہ اس بنیاد پر اسلام آباد آکر دنیا کو پیغام دینا چاہتا ہے کہ پاکستان میں غیر یقینی صورتحال ہے۔
مفتی اسد محمود نے کہا کہ 2014میں بھی حجت تمام کی اور ایسا موقع فراہم نہیں کیا کہ آئین آپ کو اجازت دے اور ہم آپ کو روکیں لیکن پی ٹی وی سینٹر، سپریم کورٹ اور پارلیمان پر دھاوا بولا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو رعاتیں انہیں دستیاب تھیں وہ اب دستیاب نہیں ہوگیں یہ واضح پیغام ہے۔