اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی حکومت نے ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف بڑی پابندیاں لگانے کی تیاری کرلی، بجٹ میں ٹیکس نیٹ سے باہر موجود افراد پر مختلف قسم کی پابندیاں لگانے کی تجویز سامنے آگئی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو نادہندگان کے بینک اکاؤنٹس پر پابندی لگانے، غیر منقولہ جائیداد منتقل کرنے پر پابندی، کاروباری جگہ کو سیل کرنے کا اختیار دینے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ایف بی آر کو غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے، غیر رجسٹرڈ افراد کو گاڑیوں کی خریداری، رجسٹریشن، بکنگ پرپابندی کا اختیار دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاہم غیر رجسٹرڈ افراد کے لیے رکشہ، موٹر سائیکل، ٹریکٹرز اور 800 سی سی تک کی گاڑی کی خریداری پرپابندی کا اطلاق نہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ٹیکس نیٹ سے باہر موجود افراد کے بینکنگ لین دین کو محدود کرنے کا منصوبہ ہے، آمدنی کے گوشواروں میں قریبی خاندانی افراد کی تفصیلات شامل کی جائیں گی، گوشواروں میں والدین، شریک حیات، 25 سال سیکم عمر بیٹے کی تفصیلات شامل کی جائیں گی۔انکم ٹیکس گوشواروں میں غیر شادی شدہ یابیوہ بیٹی کی تفصیلات بھی شامل کی جاسکیں گی، فائلر، نان فائلر کی کیٹیگری ختم، اہل اور نااہل افراد کی کیٹیگری متعارف کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔