بلاول بھٹو

وفاقی حکومت حقِ روزگار پر اسی طرح ڈاکا مارتی رہی تو پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا، بلاول بھٹو

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت حقِ روزگار پر اسی طرح ڈاکا مارتی رہی تو پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے ضلع بے نظیر آباد اور ضلع نوشہروفیروز کے پی پی پی عہدیداران، اراکین اسمبلی اور کارکنان کی ملاقات ہوئی ہے۔ زرداری ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دی گئی کہ وفاقی حکومت کے امتیازی سلوک کی وجہ سے سندھ کی عوام میں بے چینی اور غم و غصہ ہے، سندھ کی عوام کو پانی کی تقسیم اور روزگار کے حوالے سے صوبے سے امتیازی سلوک پر تحفظات ہیں۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی عوام کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے آمرانہ رویوں سے تمام صوبوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے، ملکی صورت حال کو بھانپ رہے ہیں، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

واضح رہے کہ زرداری ہاس میں ہونے والی ملاقات میں ضیا الحسن النجار ، طارق مسعود آرائیں، حاجی علی حسن زرداری، ذوالفقار شاہ، غلام شاہ لغاری، تیمور ڈومکی، نور نواز زرداری، ڈاکٹر بشیر جمالی، راشد چانڈیو اور جاوید نایاب لغاری موجود تھے۔