اشرف بھٹی

وفاقی بجٹ کے بعد مسلسل آٹھ ہفتوں سے مہنگائی میں اضافے کا رجحان قابل تشویش امر ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور/کراچی ( رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ پیش ہونے کے بعد مسلسل آٹھ ہفتوں سے مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان انتہائی قابل تشویش امر ہے ،مبینہ طو رپر آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی کے بلوں کی مجوزہ نئی سلیب تاجروں اورپسے ہوئے طبقات کیلئے مزید مشکلات کا باعث بنے گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت معاشی اشاریے اوپر جانے کے دعوے کرتے نہیں تھکتی جبکہ اس کے برعکس عوام کی حالت زار تنزلی کی جانب گامزن ہے ۔ جب تک عوام کی قوت خرید میں اضافہ نہیںہوتا اوران کی آمدن نہیں بڑھتی تب تک معاشی اشاریوں کا اوپر جانا کوئی اہمیت نہیں رکھتا ۔ انہوںنے کہا کہ مسلسل آٹھ ہفتوںسے مہنگائی کا رجحان یہ ثابت کرتا ہے کہ وفاقی بجٹ پسے ہوئے طبقات کیلئے کسی طرح کا ریلیف نہیں لایا بلکہ ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں،20ہزار تک کی آمدن والے خاندانوںکیلئے مہنگائی کی شرح 16فیصد تک ہو گئی ہے جو ظلم کی انتہا ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر معیشت واقعی ترقی کر رہی ہے تو اس کے ثمرات نیچے تک منتقل کئے جائیں تاکہ عوام بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔