تورغر (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے تورغر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں عوام کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ ہوگی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے تورغر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں رابطہ سڑکوں، آبنوشی اور دیگر منصوبوں کے لئے 30 کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع تورغر میں فوری نوعیت کے تمام مسائل کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع تورغر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ، تمام پسماندہ اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی میری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وعدہ کرتا ہوں عوام کی ایک ایک پائی عوام پر خرچ ہوگی ، میں نہ خود کمیشن لیتا ہوں نہ کسی اور کو لینے دوں گا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، شفافیت ہمارے لیڈر اور پارٹی کا منشور ہے ، اس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں گے ، سابقہ ادوار میں کسی بھی شعبے میں منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے آج ملک مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ عمران خان ملک کو اس مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے دن رات کوشش کر رہے ہیں ، موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے احساس پروگرام، فوڈ کارڈ اور کسان کارڈ سمیت متعدد اقدامات اٹھا رہے ہیں ، اگر ہمیں آئیندہ انتخابات کی فکر ہوتی تو ہم بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح قرضے لیکر وقتی طور پر لوگوں کو ریلیف دے دیتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نسلوں کے مستقبل کا سوچ رہے ہیں ، اس لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں ، سابقہ حکمرانوں نے قوم کو بیرونی قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا ، معلوم نہیں انہوں نے بیرونی قرضے کہاں پر خرچ کیے، آج تورغر کے دورے کا مقصد سانحہ جدبا اور سانحہ جٹکہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنا تھا ، متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔