لاہور (زاہد انجم سے)نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے جنرل ہسپتال میں 72کروڑروپے کی لاگت سے خریدی گئی جدید ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کا افتتاح کردیا۔ پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرمحمد الفریدظفرنے پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم کو بریفنگ میں بتایا کہ ایل جی ایچ میں سب سے زیادہ ٹراما کیسز آتے ہیں جن کی بروقت تشخیص و علاج کیلئے ایم آر آئی اور CTسکین نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
اب کسی مریض کو ٹیسٹ کیلئے ہسپتال سے باہر جانا نہیں پڑے گا۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل، ایچ او ڈی ریڈیالوجی ڈاکٹرعظمی حبیب، انتطامی ڈاکٹرز اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بعدازاں پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے ایم آراآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کا معائنہ کیا اور معیار کا جائزہ لیا۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سیدمحسن نقوی کے ویژن کے مطابق جنرل ہسپتال لاہورمیں مریضوں کوجدید ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کا تحفہ دے دیاگیاہے۔
ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں میں زیادہ سے زیادہ سکین اور بہترین رزلٹ کی صلاحیت موجودہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت الحمداللہ سوسے زائد سرکاری ہسپتالوں میں 96ارب روپے کی لاگت سے ری ویمپنگ کر رہی ہے۔پنجاب کی نگران حکومت نے اللہ پاک کی خوشنودی کیلئے عوام کی نیک نیتی سے خدمت کی ہے۔عوام سیدمحسن نقوی کی نگران حکومت کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یادکرے گی۔پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال میں جدید ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کی پروسیسینگ میں خصوصی کاوش پر پرنسپل سردار الفریدظفراور ان کی ٹیم کومبارکباداور شاباش دی۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت اللہ کی عدالت میں سرخروہے۔ہر منصوبے کو دل و جان سے مکمل کروایاہے۔پنجاب کی عوام کیلئے آسانیاں پیداکرنے کی پوری کوشش کی۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی روزانہ اوسطاً 8ہزار سے زائد مریض علاج معالجے کے لئے ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں آتے ہیں جبکہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے بعد مریضوں کو مزید سہولیات آسانی کے ساتھ دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبے سے وابستہ افراد کیلئے یہ بات باعث تقلید ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ اور اُن کی ٹیم نے نہ دن دیکھا نہ رات اور ہسپتالوں کی رویمپنگ کے منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرتے رہے جس کی بنا پر مختصر وقت میں صوبے کے تقریبا ً 100سے زائد ہسپتالوں میں بر وقت ترقیاتی کام آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ صوبے کے دیگر فلاحی و ترقیاتی منصوبے نگران حکومت نے مختصر ترین وقت میں مکمل کروائے ہیں جس کے لئے موجودہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اور وہ ایک تیز رفتار ترقی والے وزیر اعلیٰ کے طور پر جانے جائیں گے۔
پرنسپل نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جنرل ہسپتال کی ٹیم بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے ادارے کو مثالی بنانے میں اپنی کاوشیں برؤئے کار لائے گی۔
٭٭٭٭