اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں 19 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی جرات و بہادری کو سراہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب اور 9 جوانوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ان سپوتوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔محسن نقوی نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے دہشتگردی کے خلاف فورسز کے عزم کو غیر متزلزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ ہمارے عزم کی گواہی دیتا ہے۔وزیر داخلہ نے کارروائی میں زخمی ہونے والے دو جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے وطن کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔