لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کر کے گھی ملوں سے قیمت کا فارمولہ طے کر رہے ہیں، گنے کی کرشنگ کے آغاز کے بعدچینی کی قیمت کو 80روپے فی کلو تک لائیں گے ،دعوے سے کہتا ہوں کہ پنجاب میں آٹا 55روپے فی کلو دستیاب ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے133کے ضمنی انتخاب کےلئے امیدوار نامزد کر کے جس اعتمادکا اظہارکیا ہے اس پر مشکورہوں او رانشا اللہ ہم اس نشست پر کامیابی حاصل کریں گے۔
ان خیالات کااظہارانہوںنے این اے133سے امیدوار نامزدہونے پر مبارکباد دینے آنے والے پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سروے موجود ہیںکہ پوری دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھی ہیں جس کے اثرات درآمد کرنے والے تمام ممالک پر پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو اشیاءہماری مقامی پیداوار ہیں ان کی قیمتوں کو ایک سطح پر رکھا گیا ہے ، پنجاب میں آٹے کی قیمت کو 65سے55روپے لے کر آئے ہیں اور 20کاتھیلا1100میں فروخت ہو رہا ہے ۔
انہوںنے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے عالمی مارکیٹ میں مہنگائی کے تناظر میںبات کی ہے ، دنیا میں جو بھی ممالک اشیائے خوردونوش درآمد کرتے ہیں وہ مہنگی ہوتی ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ حکومت 15نومبر سے ایک کروڑ25لاکھ خاندانوںکو خوراک پر سبسڈی دینے کا سلسلہ شروع کرنے جارہی ہے اور ان گھرانوںکے افراد کی تعداد 8سے9کروڑ بنتی ہے ، حکومت اپر مڈل کلاس اورامیر طبقات کو ہرگزسبسڈی نہیں دے گی ۔