اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے باعث، پاکستان ایک دفعہ پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔
جمعرات کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ، ترجمان وزارت خارجہ، عاصم افتخار سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 19 دسمبر کوافغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس اجلاس کی کامیابی میں ہمارے تمام اداروں نے گرانقدر کردار ادا کیا۔
انہوںنے کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے باعث، پاکستان ایک دفعہ پھر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس 22/23 مارچ 2022 کو انشاء اللہ پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔
وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا اور انہیں جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی