وزیر اعلی پنجاب

وزیر اعلی پنجاب نے لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سستے سہولت بازار لگانے کی منظوری دےدی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سستے سہولت بازار لگانے کی اصولی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 171 سہولت بازاروں کو مکمل فعال کر دیاگیا ہے، 25 اضلاع میں سہولت بازاروں کی جیو ٹیگنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا، اس سلسلے میں چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں سہولت بازاروں کی تعداد بڑھانے پر غور کیا گیا۔

دوسری طرف وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو سہولت بازار کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے، جب کہ اسپیشل سیکریٹری کو سستے سہولت بازار لگانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ ادھر وزیر اعلی کی ہدایت پر لاہور میں مزید 6 سستے سہولت بازار قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر ملیں گی، عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ریلیف کے لیے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سبزی، پھل، دالوں کی قیمتوں میں از خود اضافہ برداشت نہیں، عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔