مراد علی شاہ 50

وزیر اعلی سندھ کی سیف سٹی کیلئے عملے کی فوری بھرتیوں کی ہدایت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار اور چیف سیکریٹری آصف حیدرشاہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعلی سندھ کو کراچی سیف سٹی پراجیکٹ پر ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز نے بریفنگ دی۔

وزیراعلی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ شہر کے لیے نہایت اہم ہے اور کراچی کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان سسٹم کے بعد اب کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے پہلے فیز کو لانچ کیا جا رہا ہے۔سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ دو ماہ کے اندر کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، اس مقصد کے لیے انہوں نے ضروری عملے کی فوری بھرتی کی ہدایت جاری کی اور سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 34 ماہر تکنیکی اور انتظامی افسران کی بھرتی کی منظوری بھی دے دی۔

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ عملے کی بھرتی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے کی جائے گی جسے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پہلے ہی نوٹیفائی کر چکا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلی نے کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 200 ملین روپے کے نظرثانی شدہ بجٹ کی بھی منظوری دے دی۔وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے کراچی میں امن و امان اور نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں