وزیر اعلی خیبر پختونخوا 33

وزیر اعلی خیبر پختونخواکی زیر صدارت اجلاس، ضم اضلاع کے ترقیاتی پیکیج سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری

پشاور(رپورٹنگ آن لائن )وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ضم اضلاع کے ترقیاتی پیکیج کی تیاری سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضم اضلاع کی معاشی ترقی کے لئے 6 تھیمیٹک ایریاز میں سرمایہ کاری کی جائے گی، پیکیج کا حجم ایک ہزار ارب روپے ہوگا جس کا نام “روانہ قبائل ” روشن قبائل) رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ پیکیج کے تحت بنیادی ڈھانچے، انسانی وسائل اور روزگار پر سرمایہ کاری کی جائے گی، وزیر اعلی نے پیکیج میں قبائل میڈیکل کالج، انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن سائنسز اور ڈیجیٹل سیٹیز کے قیام کو شامل کرنے کی ہدایت کردی۔سہیل آفریدی نے کہا کہ جن اضلاع اورتحصیلوں میں ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو اسپتال نہیں انکا قیام پیکیج میں شامل کیا جائے، ہر ضم ضلع میں ایک اسپورٹس کمپلیکس اور تحصیل میں اسپورٹس گرانڈ قائم کیا جائے۔وزیراعلی سہیل آفریدی نے ہدایت دی کہ بازاروں اور ضم اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں کو سیف سٹی میں شامل کیا جائے، بازاروں، اسکولوں اور مراکز صحت کی شمسی توانائی پر منتقلی کو بھی پیکیج میں شامل کیا جائے۔

ہر تحصیل میں یتیم خانہ، پناہ گاہ اور ریسکیو 1122 اسٹیشن کا قیام بھی پیکیج میں شامل کیا جائے۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیکج کے تحت ضم اضلاع میں 1245 نئے پرائمری اسکولوں کا قیام ، 463 پرائمری، 85 مڈل اسکولوں کی اپگریڈشن کی جائے گی، 975 پرائمری اسکولوں ، 240 مڈل اسکولوں اور 125 ہائی اسکولوں کی بحالی عمل میں لائی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں 11500 اساتذہ کی بھرتی، مختلف اسکالرشپس کی فراہمی بھی پیکج میں شامل ہے، ضم اضلاع میں مراکز صحت کی بحالی و فعالی، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں ٹیلی میڈیسن سنٹرز کا قیام بھی پیکج میں شامل ہے۔

بریفنگ کے مطابق ضم اضلاع میں روڈز انفراسٹرکچر کی تعمیر ، چیک ڈیمز کی تعمیر، آبپاشی انفراسٹرکچر کی تعمیر، پینے کے پانی کی فراہمی بھی پیکیج کا حصہ ہے۔ صنعتی انفراسٹرکچر کا قیام، اسکولوں ، مراکز صحت، اور بازاروں کی سولرائزیشن عمل میں لائی جائے گی۔زراعت و لائیو اسٹاک، جنگلات ، کھیل و امور نوجوانان کے شعبوں میں اقدامات بھی پیکیج کا حصہ ہیں جبکہ بلدیات، ریلیف، ایس ٹی آئی ٹی کے شعبوں میں بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں