لاہور(زاہد انجم سے)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے احکامات پر فوری عملدرامد کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹڑ محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کی ریویمپنگ(اپ گریڈیشن)کی نگرانی اور سامان کا ریکارڈ رکھنے کیلئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

پرنسپل الفرید ظفر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی کے سربراہ پروفیسر خضر حیات گوندل ہوں گے جبکہ ممبران میں ڈاکٹر جاوید ممتاز،ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،نسیم خالق، محمد علی اور ظفر مختار شامل ہیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان نگرانی کے علاوہ اتارے جانے والے طبی آلات و دیگر قیمتی سامان کی فہرستیں مرتب کریگی۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ تمام سامان کا ریکارڈ رکھا جائے گا تاکہ ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔