لاہور( رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ہم ان لوگوں اور شہدا ء کے مقروض ہیں جنہوں نے ملک کے امن کیلئے قربانیاں دیں،یہ مجلس ان شہدا ء کے ورثا کی ہے جن کا حق ہم ادا نہیں کر سکتے، جب کیپٹن احمد مبین شہید ہوئے تب میں حکومت کا ترجمان تھا، مال روڈ پر شہدا ء اور ان کے خاندانوں کو میں آج تک نہیں بھولا۔
یوم شہدا ئے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک جس طرف جا رہا ہے افراتفری پھیلا دی گئی ہے، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ،جتنی قربانیاں یہاں بیٹھے شہدا ء کے خاندانوں نے دی ہیں ، ہم ان لوگوں اور شہدا ء کے مقروض ہیں جنہوں نے امن کے لئے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم شہدا ء کے بچوں کو ایف ایس سی تک مفت تعلیم دے رہے ہیں ، پولیس شہدا ء کیلئے ہم مزید مراعات وزیر اعلی پنجاب کی مشاورت سے لے کر آئیں گے ، شہدا ء کے بچوں کو ہم ہر طرح کی مراعات دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا ء کی یاد میں قصور کے ایک چوک کو وال آف فیم کے طور پر بنایا جائے گا، پاکستان کی سالمیت کی کہانی افراد کے کندھوں پر ہے، اگر وہ شہدا ء جیسے ہوں تو ملک آگے بڑھے گا۔