مسرت جمشید چیمہ

وزیر اعلیٰ کی خوشنودی کیلئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کیخلاف یکطرفہ اقدامات اٹھائے گئے ‘ مسرت چیمہ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی خوشنودی کے لئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے خلاف یکطرفہ اقدامات اٹھائے گئے .

ایوان میں اپوزیشن اورحکومت دونوں طرف سے احتجاج کیا گیا لیکن حیرت ہے کہ حکومتی اراکین کو تو اس پر شاباش دی جاتی ہے جبکہ اپوزیشن اراکین کو معطل ، بھاری جرمانے کرنے اور قائمہ کمیٹیوں کی چیئر مین شپ سے ہٹانے کی سزا دیدی گئی ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ، ان کا خاندان ، پارٹی رہنمااور کارکنان بڑی قربانیاں دے چکے ہیں، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ چھیننا ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔مخصوص نشستوں کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ ملک بے آئین ہوچکا ہے، پہلے منڈیٹ چوری ہوا، اب مال غنیمت سمجھ کر مخصوص نشستیں تقسیم ہوئیں،ملک میں نظام مفلوج ہوچکا ہے.

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے صرف وزیر اعلیٰ کی خوشنودی کے لئے آئین و قانون سے ہٹ کر راستہ اختیار کیا لیکن اس عمل کا سایہ ساری زندگی ان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدا کی ذات سے نا امید نہیں ہیں ، یہ قانون قدرت ہے جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ۔