پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز ک

وزیر اعلیٰ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے بورڈ آف مینجمنٹ کی منظوری دے دی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی منظوری کے بعد محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے بورڈ آف مینجمنٹ کے نان آفیشل ممبران کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

بورڈ کے ان ممبران کی مدت نامزدگی 4سال ہو گی جو قواعد و ضوابط میں دیے گئے اختیارات کے مطابق پی آئی این ایس کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔بورڈ کے ممبران میں سابق پرنسپل پی جی ایم آئی و معروف نیورو سرجن پروفیسر(ر)ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ،جنرل کیڈر کی ریٹائرڈ سینئر ڈاکٹر ریحانہ ملک، انتظامی ماہرو ریٹائرڈ سول آفیسر محترمہ پروین آغا،معروف شہری زاہد حسین،سینئر ماہر قانون اسد منیر اور مالیاتی ماہر چوہدری افتخار حسین شامل ہیں۔

پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج کے3سال تک پرنسپل رہنے والے پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ ان نامزد ہونے والے ممبران میں سر فہرست ہیں۔پروفیسر انجم حبیب وہر ہ پی جی ایم آئی،اے ایم سی اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل کے عہدہ سے گریڈ21میں ریٹائر ہوئے، دوران ملازمت انہوں نے احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اورمریضوں کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار انقلابی اقدامات اٹھائے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اس بورڈ کی تشکیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے انتہائی با صلاحیت اور اپنے اپنے پروفیشن کے لحاظ سے قابل شخصیات کو بورڈ آف مینجمنٹ کا رکن نامزد کیا ہے۔پروفیسرخالد محمود نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بورڈ آف مینجمنٹ کے معزز ممبران کی رہنمائی اور ماہرانہ قیادت میں ادارے کے معاملات کو احسن انداز میں چلانے میں مدد ملے گی اور اس کا معیار مزید بلند ہوگا۔