عظمی بخاری

وزیر اعلیٰ نے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کو مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے’ عظمی بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد کو پنجاب میں مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے .

وفد نے لائیوسٹاک، مائنز، انفراسٹرکچر،میٹ،آئی ٹی اوردیگر شعبوں میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیاہے ،سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کی جانب سے آئندہ دس روز میں پیشرفت بارے باضابطہ اعلان کیا جائے گا،پی ٹی آئی والوں کی جانب یہ کہا جارہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی ساری پریس کانفرنس عمران خان کے خلاف تھی ، آپ کو تو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے کہ دہشتگردوں کی بات ہو رہی ہے اور ان کے ساتھ عمران خان کا نام آرہا ہے.

آپ ان بیانات سے خود عمران خان اوردہشتگردوں کاگٹھ جوڑ بنا رہے ہیں تو اس پر ہم کیا کہہ سکتے ہیں ۔پنجاب حکومت کے آفیشل یوٹیوب چینل پر وی لاگ کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ کچھ یو ٹیومر جو ملک سے بھاگ گئے ہیں اب وہ باہر سے بیٹھ کر ہمیں بتائیں گے کہ ملک کیسے چلانا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو تلخ حقائق قوم کے سامنے رکھے اس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی دُم پر پائوں آ گیا ہے اور یہ ہر طرف بھاگے پھر رہے ہیں۔

امن و امان بر قرار رکھنے میں صوبائی حکومت کا بہت بڑا کردار ہوتاہے ،جہاں حالات خراب ہوں وہاں فوج وفاقی حکومت کی طرف سے صوبائی حکومت کی مدد کرنے کیلئے آتی ہے ، جہاں حالات خراب ہوں وہاں فوج کو مداخلت کرنا پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی فرد واحد پاکستان سے اوپر نہیں ہو سکتا کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اس سے اوپر کوئی نہیں ہے ، ہر فوجی پاکستان کو بچانے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا رہا ہے ، ہمیں بھی لگانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دماغ کی حالت دیکھیں کہ یہاں خیبر پختوانخواہ میں دہشتگردی کے خلاف جنگ کو فلسطین کے امن منصوبے سے جوڑ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں پھر فلسطین میں امن منصوبے کو کیوں تسلیم کیا گیا ۔وہاں پر دو مختلف ریاستوں کی بات ہے .

آپ چاہتے ہیں دو ریاستیں بنا دی جائیں ایک ریاست خیبر پختوانخواہ اور ایک طالبان کی ہو ،آپ نے پاکستان دشمنی میں اور کتنا گرناہے ، طالبان ہمارے ملک پر قبضہ کرنا چاہتے ہیںاور یہ کہتے ہیں ان سے بات چیت کریں یہ امن کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں ملک کے خلاف دہشتگردی ہو رہی ہے اس میں صوبائی حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہے اور جو حکومت ایسا نہ کرے وہ دہشتگردوں کے ساتھ کھڑی ہے ،جو دہشتگردوں کو سپورٹ کرے ،ملک کے اندر دہشتگردی کی اجازت دے ایسی صوبائی حکومت نہیں بن سکتی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں تھی تو ہمیں بھی اعتراض تھا لیکن جب ملک پر مشکل وقت آیا ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہوئے ،یہاں یہ کہہ رہے ہیں ظالموں کے ساتھ بیٹھیں ۔

عظمی بخاری نے کہا کہ سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے دورے کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وفد کے اراکین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تعریف کی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پہلے لاہور کیوں نہیں آئے ، انہیں پنجاب کی ترقی نے بہت متاثر کیا ہے ۔وفد نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفد کو باضابطہ طو رپرپنجاب کی طرف سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کی پیشکش کی ہے .

صحت کے شعبے کے حوالے سے بات ہوئی ۔ ان 12ہسپتالوں کی بات ہوئی جو ان امراض کے علاج کے لئے بن رہے ہیں جن پر کوئی بات بھی نہیں کرتا ، انہیں اس میںسرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے ۔وفد نے کینسر ہسپتال جو تیزی سے بن رہا ہے اس پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا ۔سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد نے مائنز اینڈ منرلز میں خصوصی دلچسپی لی جس پر انہیںبریفنگ دی گئی ، فش فارمنگ ، لائیو سٹاک ، حلال گوشت کے حوالے سے بات کی گئی جس کا حجم بڑھانے کی ضرورت ہے ، سعودی پاک بزنس جوائنٹ بزنس کونسل کو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ان کو پیشکش کی گئی جن میں ان کی بہت سارے شعبوں میں بہت زیادہ دلچسپی تھی ،دس روز میں اس پر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے مزید کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام 130ارب روپے سے زائد کا تاریخی ڈویلپمنٹ پروگرام ہے ،اس کے دو فیز بنائے گئے ، مون سون چار مہینے طویل ہو گیا جس کی وجہ سے کچھ تاخیر ضرور ہوئی ،فیز ون میں351کلو میٹر سیوریج لائن میں سے 349کلو میٹر ڈال دی گئی ہے ،448کلو واٹر سپلائی لائن ڈالی گئی ، گلیاں 97فیصد مکمل کر لی گئی ہے ، مجموعی طو رپر فیز ون کا 94فیصد مکمل ہو گی اہے اور اسے نومبر میں مکمل ہونا ہے ، فیز ٹو اگلے سال اپریل تک مکمل کیا جائے گا،اسی سال پنجاب ڈویلپمنٹ پلان آئے گا ۔