لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں ، لاقانونیت اور پولیس کی روایتی بے حسی و کمزور رٹ کی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع جھنگ کے علاقے تھانہ قادر پورمیں دو ماہ سے لاپتہ طالبات نادیہ سعید اور رقیہ کی عدم بازیابی پولیس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے ، بچیوں کے لواحقین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،ضلعی انتظامیہ روایتی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔
وزیر اعلیٰ جو کہ خود ایک خاتون ہیں لواحقین کا دکھ سمجھیں اور بچیوں کو فوراً بازیاب کروائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔ عوام کا جینا محال ہوچکا ہے۔حکمران نظام درست کرنے کے بجائے عوام کو عارضی پیکیج د ے کر اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہو جاتے ہیں۔ بد قسمتی سے اس نظام کی درستی کی طرف کسی کی توجہ نہیں ہے۔
حکمرانوں کو چاہیے کہ اس مسئلے کی طرف خصوصی توجہ دیں اور اس نظام کو بہتر کریں اور غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود افسران سے لے کر نیچے تک تمام کے تمام بھاری تنخواہیں اور مراعات وصول کررہے ہیں۔ گاڑیاں اور دیگر کئی طرح کی سہولیات انہیں میسر ہیں لیکن اس کے با وجود امن ایک خواب بن چکا ہے ۔
اگر ان تمام تر سہولیات کے باوجود مجرم قابو میں نہیں آرہے اور جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے تو یہ سوچنے کی بات ہے۔پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے،تھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہئے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ”28مئی کو یوم تکبیر و یوم ڈاکٹر عبد القدیر خان ” بھر پور انداز میں منایا جائے گا ۔ قوم اپنے قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرے گی ۔