میرسرفراز احمد بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کلمت میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کلمت میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ معصوم مسافروں کو بس سے اتار کر شناخت کی بنیاد پر قتل کرنا گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائی ہے۔

جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشتگردوں نے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر وحشیانہ فعل انجام دیا ہے اور شناخت کے بعد مسافروں کو قتل کرنا درندگی اور ناقابل معافی جرم ہے ،دہشتگردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کو ایسی کارروائیوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا،جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ ہارڈ کور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جنگ جاری رہے گی.

انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گیدہشت گردوں نے بلوچستان کی روایات، مہمان نوازی اور امن پسندی کو پامال کر دیا، سیاسی مقاصد کیلئے احتجاج اور دھرنوں کی کال دینے والے اس سفاکانہ حملے پر کیوں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل پر معنی خیز خاموشی رکھنے والے کس کی حمایت کر رہے ہیں خاموشی کو رضا مندی سمجھا جاتا ہے، یہ ثابت ہو رہا ہے کہ کون کس کا سہولت کار ہے۔