سرفراز بگٹی 63

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایسٹر کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ تہوار امن، محبت اور انسان دوستی کے فروغ کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ ایسٹر ہمیں رواداری، باہمی احترام اور بھائی چارے کی اقدار کو مزید مضبوط بنانے کا درس دیتا ہے، جو ایک مہذب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر امید، نئی شروعات اور انسانیت کے لیے خیر خواہی کے پیغام کو عام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے فروغ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں مواقع اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبے میں پہلا اقلیتی انڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا جا چکا ہے .

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک اقلیتوں کے لیے خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ انہیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک اور صوبے کی ترقی میں مثبت اور قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے، جو قابل تحسین ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ، فلاح اور ترقی کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور ایک پرامن، ہم آہنگ اور ترقی یافتہ بلوچستان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں