سرفراز بگٹی 24

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا 111 سرکاری آسامیوں پر سو فیصد میرٹ ،پیپر لیس بنیادوں پر آن لائن بھرتیوں کے آغاز کا اعلان

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام سے کیا گیا ان کا پہلا اور دوٹوک وعدہ یہی تھا کہ صوبے میں نہ سرکاری نوکریاں بیچی جائیں گی اور نہ ہی کرپشن یا اقرباء پروری کو کسی صورت برداشت کیا جائے گا

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی اعتماد کی بحالی اور شفاف طرزِ حکمرانی کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی وعدے کی تکمیل کے لیے بلوچستان میں شفافیت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں محکمہ خزانہ میں صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 111 سرکاری آسامیوں پر سو فیصد میرٹ اور پیپر لیس بنیادوں پر آن لائن بھرتیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کرپشن کے خاتمے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب ایک تاریخی قدم ہے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بھرتی کے اس نئے نظام کے تحت امیدواروں سے آن لائن ٹیسٹ لیا جائے گا ان کی قابلیت اور اہلیت کی شفاف انداز میں جانچ کی جائے گی اور کامیاب امیدواروں کو ایک گھنٹے کے اندر اندر تقرری لیٹر جاری کیا جائے گا تاکہ میرٹ پر مبنی تقرریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اس اصلاحاتی نظام کا آغاز محکمہ خزانہ سے کیا جا رہا ہے،

جسے مرحلہ وار بلوچستان حکومت کے دیگر تمام محکموں کی سرکاری ملازمتوں تک توسیع دی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے گڈ گورننس، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کے لیے پْرعزم ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور عوام سے کیا گیا وعدہ ہی بلوچستان حکومت کی حکمرانی کی بنیاد ہے اور صوبائی حکومت ہر سطح پر ایسے اقدامات جاری رکھے گی جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اہل افراد کو ان کا حق دلانے کا سبب بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں