کوئٹہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع قلات میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی جذبے کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
وزیراعلیٰ سیکریڑیٹ سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہےکہ حالیہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کا انجام تک پہنچایا جانا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ جیتنے کی صلاحیت رکھتاہے ۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف جاری کارروائیاں عزمِ استحکام کے قومی وژن کی عملی تعبیر ہیں جن کے نتیجے میں ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھرسے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت، سکیورٹی ادارے اور عوام ایک پیچ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جدوجہد میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ پاکستان میں کسی بھی شکل میں دہشت گردی، تخریب کاری یا بدامنی کی کوئی گنجائش نہیں، اور ریاست امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔









