شہباز شریف

وزیر اعظم کا ورلڈ بیسٹ سکول پرائزز 2025 میں تین پاکستانی سکولوں کو ٹاپ ٹین کمیونٹی تعاون سے چلنے والے سکولوں میں جگہ بنانے پر خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ بیسٹ سکول پرائزز 2025 میں تین پاکستانی سکولوں کو دنیا کے ٹاپ ٹین کمیونٹی تعاون سے چلنے والے سکولوں میں جگہ بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

وزیر اعظم نے ورلڈ بیسٹ سکول پرائزز 2025 میں تین پاکستانی سکولوں،سنجن نگر پبلک ایجوکیشن ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول لاہور، بیکن ہاؤس کالج پروگرام (جونیپر کیمپس) کوئٹہ اور نارڈک انٹر نیشنل سکول، لاہور کو دنیا کے ٹاپ ٹین کمیونٹی تعاون سے چلنے والے سکولوں میں جگہ بنانے پر ان سکولوں کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ان سکولوں نے جدید نصاب، تحقیق، ٹیکنالوجی ، ماحولیات، پسماندہ اور دیہی علاقوں کی ترقی کے حوالے سے اپنا نام بنایا ہے،ان تعلیمی اداروں نے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے ہم سب کے لئے مشعل راہ ہیں ،حکومت پاکستان ملک میں جدید تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے ۔