اشرف بھٹی

وزیر اعظم وژن رکھنے والے لیڈر ،قرضے اتارنے کیلئے حکمت عملی مرتب کریں ‘ اشرف بھٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنے اور معیشت کے استحکام کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ نا گزیر ہے اور اس کیلئے بغیر کسی تاخیر کے پیشرفت ہونی چاہیے ،محصولات کے بڑے حصے کا قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کی مد میں چلے جانا انتہائی تشویش کا باعث ہے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ادارے کاروبار کرنے والوں کیلئے آسانی پیدا کرنے کی بجائے گو مگو کی صورتحال پید اکرتے ہیں جس کی وجہ سے تاجروں سمیت ہرطبقہ پریشان ہوتا ہے ، اس طرح کے حالات میں معیشت کبھی گروتھ نہیں دکھا سکتی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف وژن رکھنے والے لیڈر ہیں انہیں چاہیے کہ غیر ملکی قرضے اتارنے کیلئے حکمت عملی مرتب کریں کیونکہ موجودہ حالات میںمحصولات کا ایک بڑا حصہ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگیوں کی مدمیں چلا جاتا ہے اور ہم پھر صفر پر کھڑے ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ خدارا ملک کے نازک حالات کا ادراک کریں اور غیر یقینی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔