اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کیلئے کمیٹی قائم کر دی، وزیر اعظم کی صدارت میں قائم کمیٹی اس حوالہ سے اقدامات کا ہفتہ وار جائزہ لے گی۔
بدھ کو وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غیر رسمی معیشت کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور کیش لیس و ڈیجیٹل اکانومی کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس وزیر اعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو کیش لیس اکانومی و معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں و رقوم کی منتقلی کیلئے تاجروں کو ہدایات دی جا چکی ہیں اور عوامی سطح پر اس کے فروغ کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت خزانہ کے اس حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے کیش لیس اکانومی کے فروغ اور ڈیجیٹائیزیشن کو تیز کرنے کیلئے اعلی سطح کمیٹی قائم کر دی جس کی صدارت وزیر اعظم خود کریں گے۔ وزیراعظم کی صدارت میں کمیٹی ہفتہ وار اجلاس میں معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن اور کیش لیس اکانومی کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لےگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وفاقی بجٹ میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر رسمی معیشت کے خاتمے اور شفافیت کیلئے کیش لیس خریداری و رقوم کی منتقلی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، رمضان المبارک میں شفاف، موثر اور بہترین طور سے حقداروں کو ڈیجیٹل والٹ سے رقم کی منتقلی یقینی بنائی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ سے رقوم کی منتقلی سے حقدار کو اس کا حق ملا اور بغیر کسی انسانی مداخلت کے شفاف طریقے سے امدادی رقم تقسیم ہوئی، معیشت کی بہتری کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں تیزی سرمایہ داروں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پالیسی اقدامات سے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔