جہانگیر ترین

وزیر اعظم نے وعدہ کیاتھا کہ انصاف ملے گا، بہت وقت گزر گیا، اب انصاف مل جانا چاہئے، جہانگیر ترین

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیاتھا کہ انصاف ملے گا ، سیاست نہیں، انصاف کیا جائے، بہت وقت گزر گیا، اب انصاف مل جانا چاہئے، کسی حکومتی عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی، ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے، علی ظفر کی تحقیقات مکمل ہوگئی، اب تک رپورٹ منظرعام پر نہیں آئی، رپورٹ آنے پر کھل کر بات ہوگی ۔

پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے ، علی ظفر کا احترام کرتا ہوں کہ انہوں نے محنت سے رپورٹ مکمل کی، ہمیں امید تھی کہ اب تک ان کی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی لیکن ایسا نہ ہوسکا، یہ قیاس آرائی ہے کہ انہوں نے رپورٹ وزیراعظم کو دے دی ہے اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ رپورٹ میرے لئے مثبت ہے، وزیر اعظم نے وعدہ کیاتھا کہ انصاف ملے گا جو اب مل جانا چاہیے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مجھے انصاف فراہم کی جائے ، سیاست نہ کی جائے، معاملہ تب بگڑا جب نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، میری کسی حکومتی اعلی عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی، جب رپورٹ آئے گی تو ہر چیز کھل کر بتاں گا۔