مشترکہ مفادات کونسل

وزیر اعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 6 اگست کو طلب کر لیا

اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 6 اگست کو طلب کر لیا ،چاروں وزرائے اعلیٰ،وفاقی وزراء،اٹارنی جنرل آف پاکستان اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے ۔

ذرائع نے بتایا کہ اگست کے پہلے ہفتے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلا لیا گیا ہے جس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان کریں گے ،اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈ ے پر غورو خوض کیا جائیگا۔اجلاس میں کورونا وائرس کے خلاف قومی سطح کی حکمت عملی زیر غور آئے گی۔ لوئر پورشن چشمہ کنال کا کنٹرول پنجاب کو دینے کا معاملہ زیر بحث آئیگا،معدنیات کے 1948 ایکٹ میں ترمیم ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ،اوگرا آرڈیننس 2002 میں ترمیم ایجنڈے میں شامل ہے،صوبوں میں پانی کے مسئلے پر گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

،2017-18کی مشترکہ مفادات کونسل کی جائزہ رپورٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی اور عملدرآمد کے حوالے سے فیصلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس کے ایجنڈے میں 18 ویں ترمیم کے بعد ایچ اے سی سے متعلق کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔اجلاس میں عوامی فلاح اور صحت سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد اور ٹیکس ،ایل این جی امپورٹ سمیت دیگر امور پر کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائیگا۔