لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم و تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق گڈ گورننس کو اولین ترجیحات اور معیار بنانا ہے ،انشا اللہ جب موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی تو عوام کو صوبے کی ترقی اور مسائل کے حل کے حوالے سے نام نہاد خادم اعلیٰ کے دس سالہ اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پانچ سالہ دور حکومت میں واضح فرق نظر آئے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں اجلاس میںصوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ،ابرار الحق سمیت دیگر شریک ہوئے ۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ ،واسا، پی ایچ اے، ایل ڈبلیو ایم سی ،ایل ڈی اے سمیت دیگر محکموںکے نمائندے شریک ہوئے اور عوامی مسائل کے حل اورسروسز کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمو دنے کہا کہ دیرینہ مسائل کے حل کیلئے تمام ادارے باہمی رابطوں کو مزید موثر بنائیں ،وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق گڈ گورننس کو اولین ترجیحات اور معیار بنانا ہے ،عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے ذریعے صوبائی دارالحکومت لاہور کو مثال بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی تو عوام کو نام نہاد خادم اعلیٰ کے دس سالہ اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے پانچ سالہ دور حکومت میں واضح فرق نظر آئے گا ،آئندہ عام انتخابات میں عوام مسائل کے حل کیلئے حکومت کے عملی اقدامات کی گواہی دیں گے ۔پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے بتایا کہ اجلاس میں تمام محکموں کے نمائندوںنے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور سروسز میں مزید بہتری کے لئے اٹھائے جانے کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ہے ۔
وفاقی وزیر و تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمو دنے ہدایت کی ہے کہ عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اقدامات میں تیزی لائی جائے اور اس کے لئے تمام محکمے باہمی رابطوں کو بھی مزید موثر بنائیں ۔








