وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کی مسیحی برادری، خاص طور پر یہ دن منانے والے ہمارے پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد دی ہے۔اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ آئیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کے لیے اپنا کردار اداکرنے کا عہدکریں جہاں تمام کمیونیٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور جہاں آنے والا کل مزید بہتر بنانے کی امیدہو۔

دریں اثناء اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ ایسٹر پیار محبت اورباہمی احترام کے جذبے کا نام ہے ، موجودہ وقت میں اتحاد اورمذہب کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمیں ضبط وتحمل ، بھائی چارے اور انسانیت کے ساتھ محبت کا درس دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایسٹر کا تہوار ہمیں حضرت عیسی علیہ السلام کی برداشت کی یاد دلاتا ہے ۔ شہباز شریف نے کہاکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو اپنا کر ہی معاشرے میں امن اور اتفاق قائم کیا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردارادا کیا بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی ہاتھ بٹا رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت ملک میں تمام اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ان کے جان ومال کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ آئیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کا عہد کریں جہاں کمیونٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہوں ۔