اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم رندھاوا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارفع کریم پاکستانی نوجوانوں کی ذہانت اور ان میں بے پناہ صلاحیتوں کی روشن مثال تھیں۔
بدھ کو ارفع کریم رندھاوا کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ارفع کریم نے نہایت کم عمری میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ارفع کریم رندھاوا نے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی نوجوان کسی سے کم نہیں، ان کی کامیابیاں آج بھی ہمارے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں، ارفع کریم کا خواب ایک جدید، علم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ پاکستان تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں تعمیر شدہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کو ارفع کریم سے منسوب کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے، حکومت نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر کے ارفع کریم رندھاوا کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے ارفع کریم کے والدین اور اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قوم کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق دے۔









