کراچی (رپورٹنگ آن لائن)صدرمملکت آصف علی زر داری نے کہاہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف نے ملاقات میںپاور شیئرنگ فارمولے پر عملدر آمد کی یقین دہانی کرائی ہے ،حکومت کو مطالبات پورے کرنے کیلئے ایک ماہ مہلت دی جانی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔ذرائع کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ کا حکومت کے ساتھ اتحاد پر تفصیلی غور کیا گیا، اس موقع پر سی ای سی میں حکومت سے اتحاد خاتمہ کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی اراکین وفاق، پنجاب حکومت، (ن )لیگ کے رویہ پر کھل کر برسے، سی ای سی میں خیبر پختونخوا، پنجاب کے اراکین کی جذباتی گفتگو ہوئی، آصف زرداری، بلاول بھٹو اراکین کی جذباتی گفتگو سن کر مسکرائے۔
ذرائع کے مطابق اراکین نے کہا کہ پارٹی قیادت حکم دے وفاق، پنجاب میں (ن )لیگ کو تگنی کا ناچ نچا دیں، (ن )لیگ بار بار کی سیاسی ٹھوکروں کے باوجود کچھ نہیں سیکھ سکی، پی پی قیادت چٹکی بجا کر وفاق، پنجاب میں حکومت گرا سکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی رکن نے پیپلزپارٹی کی عزت نفس پر سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، سی ای سی اراکین نے کہا کہ پی پی، بلاول بھٹو کی عزت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ذرائع نے کہا سی ای سی اراکین کا کہنا تھا اتحاد پیپلزپارٹی نہیں ن لیگ کی ضرورت ہے.
آصف زرداری، بلاول بھٹو کی سی ای سی کو حکومت سے مذاکرات پر بریفنگ بھی دی گئی، بلاول بھٹو نے سی ای سی کو وزیراعظم سے ملاقات بارے اعتماد میں لیا۔سی ای سی کی وزیراعظم کے سامنے جاندار موقف رکھنے پر بلاول بھٹو کی تعریف کی گئی، سی ای سی کے متعدد اراکین نے حکومتی اتحاد سے نکلنے کا مطالبہ کیا، حکومتی اتحاد سے نکلنے کا مطالبہ خیبرپختونخوا، پنجاب کے اراکین نے کیا، حکومت سے اتحاد پیپلزپارٹی کیلئے سیاسی خودکشی سے کم نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق اراکین کا کہنا ہے پیپلزپارٹی قیادت حکومت میں باضابطہ شامل ہو یا اتحاد ختم کرے، آصف زرداری نے سی ای سی کو وزیراعظم سے ملاقات کی بریفنگ دی بتایا کہ وزیراعظم نے تحفظات دور کرنے کا یقین دلایا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، آصف زرداری نے سی ای سی سے حکومت کو مہلت دینے کی درخواست کی، آصف زرداری نے کہا حکومت کو مطالبات پورے کرنے کیلئے ایک ماہ مہلت دی جانی چاہیے، سی ای سی کے متعدد ارکان نے حکومت کو مہلت دینے کی مخالفت کی ہے تاہم آصف زرداری کی درخواست پر سی ای سی نے حکومت کو مہلت کی منظوری دی۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا آئندہ اجلاس حکومت کو مہلت پوری ہونے پر ہوگا، ایک ماہ میں تحفظات دور نہ ہونے پر سی ای سی بڑے فیصلے لے گی۔