وزیر اعظم

وزیر اعظم سے گور نر سندھ اور کریم ڈھیڈی کی ملاقات ،معاشی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں صنعتی عمل کی بحالی خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،کاروباری برادری کی سہولت کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی سرپرستی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسمعیل اور عقیل کریم ڈھیڈی نے ملاقات کی ۔

عقیل کریم ڈھیڈی نے صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار اور صنعتی عمل کے فروغ کے حوالے سے حکومتی کوششوں اور پالیسیوں کے نتیجے میں کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملک میں کورونا کی صورتحال اور صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں بارش سے ہونے والے نقصانات کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی سہولت کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی سرپرستی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں صنعتی عمل کی بحالی خصوصاً چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سے نہ صرف معاشی عمل میں تیزی آئے گی بلکہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع اور دولت کی پیداوار کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔