شہباز شریف

وزیر اعظم سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے۔

جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کیلئے بہت ضروری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیا کی تعمیری تنقید کا حکومت خیر مقدم کرتی ہے، حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستون ہونے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، منصوبے کو میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے، پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018ء پر جہاں روکی گئی وہیں سے دوبارہ شروع ہوچکی۔شہباز شریف نے کہاکہ دوست اور برادر ممالک کے انتہائی مشکور ہیں جن کے تعاون سے ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آکر معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوئے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے، ملک میں مہنگائی کی شرح اور شرح سود میں کمی کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ اور صنعتی و زرعی شعبے کی ترقی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ہے، ایف بی آر میں اصلاحات کا نفاذ بھرپور طریقے سے جاری ہے، ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ کسٹمز کے نظام کی بہتری کیلئے فیس لیس اسیسمنٹ کا نظام شروع کیا جا چکا ہے، اس نظام سے محصولات میں اضافے، شفافیت اور کرپشن کے خاتمے میں معاونت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات، چینی، کھاد اور آٹا وغیرہ کی اسمگلنگ روکنے سے خزانے کو فائدہ پہنچا، اللّٰہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال کیا۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے قربانیاں دی ہیں، افواج پاکستان اور قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔