وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ،صوبے کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بدھ کو وزیر اعظم آفس میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ،ملاقات میں صوبے سے متعلق امور ،سیاسی صورت حال اور گندم ،آٹے کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،

ذرائع کے مطابق ون آن ون ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور میں بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی بات چیت ہوئی اور اس بارے میں وزیر اعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو احکامات بھی جاری کئے خاص طور پر پنجاب میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے کے حوالے سے احکامات بھی جاری کئے اور کسی طور پر بھی صوبے میں گندم اور آٹے کا بحران پیدا نہیں ہونا چاہیے اور ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ وافر گندم موجود ہے جو بھی گندم ذخیرہ کریں انہیں کسی صورت نہ چھوڑا جائے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے مافیاز پر ہاتھ ڈالا ہے اور عوام کی بہتری کے لئے وہ اقدامات اٹھاتے رہیں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صوبے میں بعض انتظامی عہدوں اور بعض وزراءکی تبدیلیوں پر بھی مشاورت ہوئی اور اس حوالے سے آئندہ آنے والے دنوں میں اہم فیصلے متوقع ہیں اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے رکن محمد لطیف نذر نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انہیں اپنے حلقے کے مسائل سے متعلق آگاہ کیا ،

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا اور شفاف انداز میں منصوبے مکمل کرنا ان کی ترجیح ہے ۔کورونا کی وباءکا پھیلاﺅ کم ہو رہا ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں معاشی صورت حال بھی بہتر ہو جائے گی جس کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراءکو یقینی بنایا جائیگا۔