اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دور ان گفتگو کرتے وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات میں مزید وسعت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔ شہبازشریف نے کہاکہ حکومت پاکستان ایک پائیدار، شفاف اور اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ سروس لانگ مارچ جیسے جوائنٹ وینچرز دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی ، ملازمت کے نئے مواقع ، ٹیکنالوجی کی اشتراک اور برآمدات میں اضافے کے لئے انتہائی ضروری ہیں ۔
چیئرمین سروس لانگ مارچ جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست نظام اور حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کی نئی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ بتایاگیاکہ سروس لانگ مارچ برآمدات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ؛ سال 2024ـ2025 میں کمپنی کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا۔بتایاگیاکہ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ سروس لانگ مارچ ٹائرز کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوشاں ہے ۔
بتایاگیاکہ نوری آباد ،سندھ میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کے سول ڈویلپمنٹ زون کے قیام کے حوالے سے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ نے تمام ضروری سہولیات مہیا کیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔









