حماد اظہر

وزیر اعظم زراعت کو بہت اہمیت دے رہے ہیں ،فنانس زرعی کمیٹی کو مکمل تعاون دے گی، حماد اظہر

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم زراعت کو بہت اہمیت دے رہے ہیں ،فنانس زرعی کمیٹی کو مکمل تعاون دے گی،وزیر فوڈ سکیورٹی فخر امام نے کہا ہندوستان میں 27 سے 34 فصلوں پر کم سے کم سپورٹ پرائس ہے پاکستان میں صرف ایک پر ہے، ہم نے کپاس کی سپورٹ پرائس کیلئے سمری لائے مگر نہیں مانا گیا، میں نے کہا کہ چار لاکھ بیلز کپاس خرید لیں نہیں مانا گیا، یہ ہماری پالیسی میکنگ ہے۔

پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت زرعی مصنوعات پر قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر فوڈ سکیورٹی فخر امام، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، عثمان ڈار، شاندانہ گلزار و دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو درپیش مسائل زیر بحث آئے ۔کمیٹی اجلاس میں شاندانہ گلزار نے کہا ہم نے زرعی مصنوعات کی ذیلی کمیٹی میں چھوٹے کاشتکاروں پر فوکس کیا، کامیاب کسان پروگرام شروع کرنے کی تجویز ہے،ملک سے نوجوانوں کو تربیت دیکر انکے کاروبار کی شروعات کیلئے قرضے دیں گے، نیوٹیک کے سرٹیفائڈ کورسزکے ذریعے انٹرنیشنل لیول کی نوکریاں بھی حاصل کی جاسکیں گی۔

کمیٹی میں ، عثمان ڈار نے کہا کامیاب جوان میں دو کمپوننٹ ہیں جس میں زرعی سیکٹر سمیت دیگر میں تربیت ہے، کامیاب کسان پروگرام کے تحت 3 فیصد انٹرسٹ پر ٹریکٹر حاصل کیا جا سکے۔ خصوصی کمیٹی اجلاس میں غلام سرور خان نے کہا میں جاننا چاہتا ہوں امپورٹڈ گندم کس قیمت پر پڑ رہی ہے، سیکرٹری فوڈ نے کہا مختلف قیمت پر امپورٹڈ گندم آتی ہے، وزیر فوڈ سکیورٹی فخر امام نے کہا 16 دسمبر 2019 میں گندم کی قیمت بڑھی، اس وقت سندھ نے گندم کی پروکیورمنٹ نہ کی، ہندوستان میںص 27 سے 34 فصلوں پر کم سے کم سپورٹ پرائس ہے پاکستان میں صرف ایک پر ہے، ہم نے کپاس کی سپورٹ پرائس کیلئے سمری لائے مگر نہیں مانا گیا، میں نے کہا کہ چار لاکھ بیلز کپاس خرید لیں نہیں مانا گیا، یہ ہماری پالیسی میکنگ ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا وزیر اعظم زراعت کو بہت اہمیت دے رہے ہیں ،فنانس زرعی کمیٹی کو مکمل تعاون دے گی، ہم آئے تو گندم کی سپورٹ پرائس کو بڑھایا گیا، یوریا کی سیلز شاید دس سال بعد اب سب سے زیادہ ہوئی، حماد اظہر نے کہا ڈی اے پی پاکستان میں ستر سے اسی فیصد امپورٹ ہوتی ہے، ڈی اے پی انٹرنیشنل پرائس کے تحت بڑھی، سپورٹ پرائس کا اثر آٹے کی قیمت پر بھی پڑتا ہے اسے بھی دیکھنا ہوتا ہے، گندم کی امپورٹڈ پرائس میں شپمنٹ، لوڈنگ اوردیگر اخرجات ہوتے ہیں، سندھ نے 2 ہزار سپورٹ پرائس رکھی، مگر انہوں نے ایک ملین ٹن پروکیورکرنی ہوتی ہے، ہم نے کسان اور عام شہریوں دونوں کو دیکھنا ہے۔