اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان کی عظیم گلوکارہ نیرہ نور کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیرہ نور کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، نیرہ نور پاکستان شو بز انڈسٹری کے افق کا ستارہ تھیں ۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیرہ نور کی خوبصورت آواز میں شہرہ آفاق ملی نغمہ وطن کی مٹی گواہ رہنا آج بھی کانوں میں رس گھولتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیرہ نور ایک سادہ اور کم گو خاتون تھیں، ان کا ظاہری رکھ رکھاﺅ سادگی کی اعلی مثال تھا، انکے انتقال سے شوبز انڈسٹری میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔