اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیرِ قانون نے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر کا پْرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً قانونی اصلاحات، قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کی پاسداری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کینیڈین ہائی کمشنر نے بتایا کہ کینیڈین کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں، بالخصوص معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں شراکت داری کے امکانات پر بات چیت کی۔وفاقی وزیرِ قانون نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہائی کمشنر کو کیس مینجمنٹ سسٹم کے آغاز کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ وزارتِ قانون اس نظام کو صوبائی سطح پر متعارف کروانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے تاکہ عدالتی نظام کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ملاقات میں آئندہ کینیڈا میں منعقد ہونے والی مائننگ کانفرنس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔