وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم کا عالمی امن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی شہدا اور دیگر ممالک کے فوجیوں کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی امن کے قیام کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی شہدا اور جان سے ہاتھ دھونے والے دیگر ممالک کے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی تنازعات کے نتیجے میں کشیدگی سے متاثرہ علاقوں میں اقوامِ متحدہ کے امن دستے امن کے قیام و تسلسل اور لوگوں کی حفاظت کیلئے انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے امن دستوں میں پاکستانیوں کی خدمات کی دنیا بھر میں پذیرائی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ 64 برس میں دنیا میں امن کے قیام کیلئے افواجِ پاکستان کے 2 لاکھ 30 ہزار جوانوں و افسران بشمول 500 خواتین نے اپنا اہم کردار ادا کیا۔

مجھ سمیت پوری قوم اقوامِ متحدہ کے امن دستوں میں عالمی امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 181 پاکستانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے عالمی امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ اقوامِ متحدہ کے آئندہ نسلوں کیلئے ایک پر امن اور خوشحال دنیا کے مقصد کو پورا کرنے کیلئے پاکستان ہمیشہ کی طرح سرگرم رہے گا۔