لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچے گی، عمران خان لٹیروں کے سخت احتساب کے لیے پر عزم ہیں اور مسترد شدہ اپوزیشن سے ہر گز بلیک میل نہیں ہوں گے،اپوزیشن اپنی ساکھ کھو چکی ہے اور انتشار کا شکار ہو چکی ہے
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر کرپشن کو بچانے میں مصروف ہیں اور بغضِ عمران میں سٹرکو ں پر در بدر ہو رہی ہیں۔حکومت کو اپوزیشن اتحاد سے کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہ غیر فطری اتحاد وقت کے ساتھ ختم ہو رہا ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مر چکا ہے اور پی ڈی ایم کا منفی رویہ ماضی کا قصہ بن جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے قومی مسائل پر عوام کو مایوس کیا ہے اور عوام ان کے دوغلے پن سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں۔
اپوزیشن نے اقتدار میں رہتے ہوئے پہلے قومی اداروں کو تباہ کیا اور اب ان اداروں پر چڑھائی کی کوشش کر رہے ہیں۔ہر محاذ پر شکست کے بعد اِن کو اپنا غیر جمہوری اور منفی رویہ ترک کر دینا چاہیے۔کرونا جیسی صورتحال میں عوام کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال کر سیاسی دکان چمکانے میں ناکامی پر اپوزیشن مایوسی کا شکار ہو چکی ہے اور ترقی کرتا اور تیزی سے آگے بڑھتا پاکستان پی ڈی ایم کو ہضم نہیں ہو رہا، ان کو واضح ہو چکا ہے کہ ان کی سیاست کا تو پہلے ہی جنازہ نکل چکا ہے اور اب ان کی لوٹی ہوئی دولت بھی نہیں بچے گی۔