لندن (رپورٹنگ آن لائن)برطانیہ کے دورے پر گئے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہم منصب جیمز کلیورلی سے ملاقات کی جس میں برطانیہ اور پاکستان کی حکومتوں کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط ہوئے ہیں ۔ جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور برطانیہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوجداری انصاف کے امور پر اشتراک ہو سکے گا، اس اقدام سے غیر قانونی نقل مکانی اور منظم امیگریشن کے جرائم سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان منشیات کی روک تھام، سنگین جرائم کی تحقیقات اور منظم امیگریشن کیجرائم پر باہمی تعاون ممکن ہو گا۔ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کا طویل المدتی شراکت دار ہے،
پاکستان اور برطانیہ کی حکومتوں اور عوامی رابطے بے مثال سطح پر ہیں۔اس موقع پر برطانوی وزیرِ داخلہ جیمز کلیورلی نے کہاکہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، افغانستان سے برطانوی شہریوں کے انخلاء میں پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں شراکت اہم ہے۔