عثمان بزدار

وزیراعلی پنجاب نے سینٹرآف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب کا افتتاح کردیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سینٹرآف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب کاافتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ ٹریننگ لیب کے منصوبے پر ایک ارب 93 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے، یہ منصوبہ کیسز کی جدید انداز میں تحقیقات میں معاونت اور شفافیت کے لئے مثالی حیثیت رکھتا ہے ، فرانزک، سائنسدان، پولیس، پراسیکیوٹرز، عدلیہ، میڈیکولیگل اور قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کے افسران تربیت حاصل کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سینٹر آف فرانزک سائنسز ٹریننگ لیب کا دورہ کرتے ہوئے ٹریننگ لیب کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے آڈیو، ویڈیو لیب، ڈی این اے لیب، آرمز لیب اور دیگر لیبز کا معائنہ کیا اور لیبز میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ سہولتوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ٹریننگ لیب کے منصوبے پر ایک ارب 93 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے، یہ منصوبہ کیسز کی جدید انداز میں تحقیقات میں معاونت اور شفافیت کے لئے مثالی حیثیت رکھتا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ٹریننگ لیب میں 16 جدید ترین فرانزک لیبارٹریزبنائی گئی ہیں اور اس جدید ٹریننگ لیب میں فرانزک سائنس کے 14 شعبوں سے متعلق جدید ترین خطوط پر تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرانزک، سائنسدان، پولیس، پراسیکیوٹرز، عدلیہ، میڈیکولیگل اور قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کے افسران تربیت حاصل کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزرا راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ا طلاعات، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر طاہر اشرف او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔